سابق اداکارہ و میزبان جانا ملک نے اپنی والدہ کی علالت کے باعث مداحوں سے خصوصی دعاؤں کی درخواست کردی۔
جانا ملک، جو طویل عرصے سے شوبز انڈسٹری سے وابستہ رہی ہیں اور مختلف مثبت و منفی کرداروں کے ذریعے شہرت حاصل کر چکی ہیں، ان دنوں اپنی ذاتی زندگی میں مشکل وقت سے گزر رہی ہیں۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام کے ذریعے مداحوں کو آگاہ کیا کہ ان کی والدہ کی سرجری ہو رہی ہے۔
اداکارہ نے اپنی پوسٹس میں والدہ کے علاج کے مختلف مراحل شیئر کیے، جن میں رضامندی کے کاغذات پر دستخط کرنے سے لے کر اسپتال میں داخلے تک کے لمحات شامل تھے، اس دوران وہ جذباتی بھی ہو گئیں اور والدہ کی سرجری کے وقت آبدیدہ نظر آئیں۔
جانا ملک نے مداحوں سے اپنی والدہ کی صحتیابی کے لیے دعاؤں کی اپیل کی، جس پر سوشل میڈیا صارفین اور شوبز شخصیات کی جانب سے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ صارفین نے ان کے لیے ہمت اور صبر کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ ان کی والدہ کو جلد صحتیاب کرے۔