بھارتی کرکٹ اسٹار ویرات کوہلی ایک بار پھر سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں آ گئے، جب انہوں نے آئی پی ایل 2026ء میں سن رائزرز حیدرآباد اور رائل چیلنجرز بنگلورو کے درمیان میچ کے بعد آسٹریلوی بیٹر ٹریوس ہیڈ سے ہاتھ ملانے سے گریز کیا۔
بھارتی حیدرآباد میں کھیلے گئے میچ کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑی روایتی ہینڈ شیک لائن میں موجود تھے، اس موقع پر ویرات کوہلی نے پیٹ کمنز اور ابھشیک شرما سے ہاتھ ملایا، تاہم وہ ٹریوس ہیڈ کے سامنے سے بغیر ہاتھ ملائے آگے بڑھ گئے، حالانکہ ہیڈ نے ہاتھ آگے بڑھا رکھا تھا۔
میچ کے دوران بھی کوہلی اور ٹریوس ہیڈ کے درمیان کچھ جملوں کا تبادلہ دیکھا گیا تھا، تاہم تنازع کی اصل وجہ سامنے نہیں آ سکی۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی صارفین نے ویرات کوہلی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ ایک صارف نے لکھا کہ پرفارمنس زیرو، اٹیٹیوڈ سو۔
ایک اور صارف نے سوال اٹھایا کہ اسپورٹس مین اسپرٹ کہاں گئی؟ کئی مداحوں نے کوہلی کے رویے کو غیر ضروری غرور قرار دیتے ہوئے کہا کہ کیریئر کے اس مرحلے پر ان سے زیادہ بہتر رویے کی توقع تھی۔ ایک صارف نے طنزیہ انداز میں لکھا بھائی کو لگتا ہے یہی سویگ ہے۔
میچ میں کوہلی بیٹنگ میں بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور صرف 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، دوسری جانب سن رائزرز حیدرآباد نے 255 رنز بنائے جبکہ رائل چیلنجرز بنگلورو 200 رنز تک محدود رہی۔