وزیراعظم شہباز شریف نے ہانگزو میں اہم چینی کمپنیوں کے اعلیٰ عہدیداران سے ملاقاتیں کی ہیں۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے شینگ ہوا نینگ یوان کے جی کمپنی، اسٹار چارج اور شیوژینگ فارماسیوٹیکل گروپ کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں۔
وزیراعظم نے شینگ ہوا نینگ یوان کے جی کمپنی کے سی ای او ایگنس سیو سے بھی ملاقات کی، جن میں قابلِ تجدید توانائی کے شعبے میں تعاون پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے پاکستان میں ابھرتی قابلِ تجدید توانائی کی مارکیٹ اور اس شعبے میں بڑھتی طلب کو اجاگر کیا، بالخصوص شمسی توانائی کے فروغ کے لیے حکومت کے پالیسی اقدامات پر روشنی ڈالی۔
شہباز شریف نے سی اے ٹی ایل کمپنی کے ایگزیکٹیو صدر آسکر لوؤ سے بھی ملاقات کی، جس میں جدید بیٹری ٹیکنالوجی اور توانائی ذخیرے کے نظام پر گفتگو کی۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم پاکستان اسٹارچارج گروپ کی چیئرپرسن ڈین وے شاؤ سے بھی ملے، جس میں الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ انفرااسٹرکچر اور اسمارٹ موبیلیٹی سسٹمز پر تعاون پر گفتگو ہوئی۔
شیوژینگ فارماسیوٹیکلز کے صدر ژن یوان کی بھی وزیراعظم سے ملاقات ہوئی، جس میں دواسازی کی صنعت، صحت کے شعبے میں تعاون پر بات چیت ہوئی۔
اعلامیے کے مطابق اس موقع پر پاکستان کے تیزی سے ترقی کرتے طبی شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع زیرِ بحث آئے، نئی پیداواری فیکٹریوں کے قیام اور پہلے سے موجود پلانٹس میں توسیع کے امکانات پر بات چیت ہوئی۔