پاکستانی فلموں اور ٹیلی ویژن کے اداکار فیصل قریشی کو لائف ٹائم اچیومنٹس ایوارڈ سے نوزا گیا۔
آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اور لائف اسٹائل جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے اشتراک سے پاکستان کے نامور سپر اسٹار فیصل قریشی کے اعزاز میں ’’ٹربیوٹ‘‘ کا انعقاد آڈیٹوریم ون میں کیا گیا، جس میں فنکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے رنگ جمادیا۔
تقریب میں لیجنڈ ری اداکار مصطفیٰ قریشی، عدنان صدیقی، بہروز سبزواری، ہمایوں سعید، صلاح الدین تنیو، شہزاد نواز، ہدایات کار سعید، گلوکار فاخر محمود، حنیف راجہ، شہزاد نواز، مرزا اشتیاق بیگ، قونصل جنرل رومانیہ، تنویر آفریدی، ندیم جعفری اور ٹیپو شریف سمیت فلم اور ٹیلیویژن انڈسٹری کے نامور فنکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر شاندار میوزیکل پروگرام بھی پیش کیا گیا، جس میں نامور گلو کارہ میرب جیوین، نرمیلا میگھانی، افشاں خان، شازیہ کوثر، شبانہ کوثر نے اپنی سریلی آواز میں سماعتوں میں رس گھولنے والی گیت پیش کیے۔
تقریب کے دوران فیصل قریشی کو شوبز انڈسٹری میں شاندار خدمات اور بہترین کارکردگی کے اعتراف میں لائف ٹائم اچیومنٹس ایوارڈ پیش کیا گیا، جبکہ ان کے فنی سفر پر مبنی خصوصی شوریل بھی پیش کی گئی، جسے حاضرین نے بھرپور تالیوں سے سراہا۔ اس موقع پر میوزیکل پروگرام اور کامیڈی نائٹ کا بھی اہتمام کیا گیا، جہاں فلم اور ٹیلی وژن انڈسٹری کے فنکاروں نے شاندار پرفارمنس پیش کی۔
تقریب کی صدارت لیجنڈ اداکار مصطفیٰ قریشی نے کی، جبکہ صدر کراچی آرٹس کونسل احمد شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیصل قریشی کے ساتھ ہم نے بھی کام کیا ہے۔ میں اور فیصل اس پروڈکشن میں بہت قریب تھے۔ ایسا لگتا تھا جیسے وہ اپنی ہی پروڈکشن پر کام کر رہے ہوں۔ آپ سب بہتر جانتے ہیں کہ فیصل کے اندر کتنا پوٹینشل اور کتنی تنوع ہے، بوٹا سے جب ان کا آغاز ہوا، اس کے بعد وہ کبھی نہیں رکے۔
انہوں نے ہر طرح کے کردار کیے اور انتہائی شاندار انداز میں کیے۔ فیصل قریشی نہایت ذمہ دار انسان ہیں اور اپنا سو فیصد دیتے ہیں۔صرف اپنی ذات تک محدود نہیں رہتے بلکہ ساتھی اداکاروں، پروڈیوسرز اور ڈائریکٹرز کے لیے بھی آسانیاں پیدا کرتے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ فیصل ایک لمحے میں سمجھ جاتے ہیں کہ ڈائریکٹر ان سے کیا چاہتا ہے۔ وہ نہ صرف بہترین اداکار بلکہ ایک شاندار انسان بھی ہیں۔ میں نے بہت کوشش کی کہ فیصل کو ان کا حق میرٹ پر ملے، لیکن اس وقت وہ پچاس سال کے نہیں ہوئے تھے، میں نے کہا کہ یہ کوئی دلیل نہیں۔ اب تو وہ پچاس سال کی عمر بھی عبور کر چکے ہیں، اس لیے وہ اعتراض بھی ختم ہو چکا ہے۔ فیصل قریشی پاکستان کا سرمایہ ہیں۔
مصطفیٰ قریشی نے اپنے خطاب میں کہا کہ فیصل قریشی صرف بہترین اداکار ہی نہیں بلکہ ایک مکمل آرٹسٹ ہیں، جو ہدایت کاری اور کہانی کو لاجواب انداز میں پیش کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فنکاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں۔
معروف اداکار ہمایوں سعید نے کہا کہ فیصل قریشی کی کامیابی کے پیچھے ان کا ڈسپلن، محنت اور وقت کی پابندی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل قریشی نئے آنے والے فنکاروں کے لیے ایک مثال ہیں۔
اداکار بہروز سبزواری نے کہا کہ فیصل قریشی ایک زبردست اداکار ہیں، لیکن اس سے بھی بڑھ کر ایک بہت اچھے انسان ہیں۔ چاہے کوئی اداکار ہو، ڈاکٹر ہو، پائلٹ ہو یا بزنس مین، بنیادی چیز انسان کا اچھا ہونا ہے ،اللہ تعالیٰ انہیں سلامت رکھے۔
سینئر اداکار صلاح الدین تنیو نے فیصل قریشی کو ایک عظیم فنکار قرار دیتے ہوئے کہا کہ کردار خود ان کے محتاج ہوتے ہیں، جبکہ عدنان صدیقی نے انہیں صفِ اول کا اداکار قرار دیا جو ہر کردار کو مہارت سے نبھاتے ہیں۔
شہزاد نواز نے فیصل قریشی کی انسان دوستی اور مثبت سوچ کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے فنکار سرکاری سطح پر بڑے اعزازات کے مستحق ہیں۔
اس موقع پر فیصل قریشی نے اپنی پذیرائی پر شکریہ کرتے ہوئے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اور لائف اسٹائل جرنلسٹس ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ انڈسٹری ایک فیملی کی مانند ہے، جہاں لوگ ایک دوسرے کو سپورٹ کرتے ہیں۔
فیصل قریشی نے اپنے سینئر فنکاروں، خصوصاً مصطفیٰ قریشی اور ہمایوں سعید کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کی نظامت کے فرائض راحیل بیگ اور ڈاکٹررافعیہ رفیق نے انجام دیے۔