پاکستان فٹبال فیڈریشن کے وفد نے کینیڈا میں فیفا کانگریس کے موقع پر اعلیٰ سطح ملاقاتیں کی ہیں۔ جرمن، کنیڈا، چین اور تاجکستان فٹبال فیڈریشن نے پاکستان کو کوچنگ ایجوکیشن اور ویمنز فٹبال میں مکمل معاونت کی پیشکش کی ہے۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر محسن گیلانی نے کینیڈا میں فیفا کانگریس کے موقع پر جرمن فٹبال فیڈریشن کے صدر سے ملاقات کی۔
اس موقع پر جرمنی نے پاکستان کو کوچنگ ایجوکیشن اور ویمنز فٹبال میں مکمل معاونت کی پیشکش کی۔
کینیڈا ساکر کے ساتھ گراس روٹس فٹبال اور کوچنگ کورسز پر تعاون پر گفتگو ہوئی، ساتھ ہی دونوں ممالک کے درمیان نمائشی میچز کے انعقاد پر بھی بات چیت ہوئی۔
چین فٹبال ایسوسی ایشن نے پاکستان کو فٹسال ٹریننگ میں تعاون کی پیشکش کی پاکستان اور چین کے درمیان کھیلوں کے تعاون کو "آئرن برادرز” قرار دیا گیا۔
پی ایف ایف کے وفد نے تاجکستان فٹبال فیڈریشن کے وفد سے بھی ملاقات کی تاجکستان نے پاکستانی ریفریز اور گول کیپرز کی تربیت میں مدد کی پیشکش کی، ویمنز فٹبال ڈویلپمنٹ پر بھی مختلف فیڈریشنز کے ساتھ تعاون پر اتفاق ہوا۔