خیبرپختونخوا کے علاقے بنوں اور شمالی وزیرستان سے پولیو کے مزید 2 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد رواں سال پاکستان میں مجموعی کیسز کی تعداد 3 ہوگئی ہے۔
قومی ادارۂ صحت (این آئی ایچ) کی لیبارٹری نے دونوں بچوں میں وائلڈ پولیو وائرس کی تصدیق کی ہے، متاثرہ بچوں میں 5 ماہ کا ایک بچہ اور 2 سال کی ایک بچی شامل ہے۔
اس سے قبل رواں سال کا پہلا پولیو کیس سندھ کے ضلع سجاول میں سامنے آیا تھا۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق رواں ماہ ملک کے مخصوص اضلاع میں خصوصی انسدادِ پولیو مہم چلائی جائے گی جس کے دوران تقریباً ایک کروڑ 90 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
حکام نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلوائیں تاکہ اس موذی مرض کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔