وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کو اللّٰہ تعالی نے قیمتی پتھروں سمیت قدرتی وسائل کی دولت سے مالا مال کیا ہے، یہ ایک ایسا شعبہ ہے جس میں مقامی وسائل سے برآمدات میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت ملک میں 3 سینٹر آف ایکسیلینس کے قیام پر جائزہ اجلاس ہوا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معاونِ خصوصی ہارون اختر اور ان کی ٹیم کے شعبے کی ترقی کے لیے اقدامات قابلِ ستائش ہیں، سینٹرز آف ایکسیلینس کے قیام میں شفافیت کے عنصر کو اہمیت دی جائے۔
وزیرِ اعظم نے قیمتی پتھروں کی برآمدات میں اضافے کے لیے لائحہ عمل مرتب کرنے کی ذمے داری وزارتِ منصوبہ بندی کو سونپ دی۔
اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزارتِ منصوبہ بندی جلد جامع لائحہ عمل مرتب کر کے وزیرِاعظم کو پیش کرے گی۔
اجلاس میں قیمتی پتھروں کی پراسیسنگ اور کان کنی کے جدید طریقوں کو رائج کرنے کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔