سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ منشیات فروش انمول عرف پنکی کی گرفتاری پر اداروں کی تعریف کرنی چاہیے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انمول عرف پنکی کی عدالت میں پیشی کے موقع پر غفلت کا سخت نوٹس لیا گیا، منشیات کے خاتمے کے لیے سب کو کردار ادا کرنا ہو گا۔
شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ جن پولیس اہلکاروں نے خاتون ملزمہ کو بغیر ہتھکڑی پیش کیا انہیں معطل کر دیا گیا ہے، ہم نے بھی اس خاتون کو گرفتار کرنے کی کوشش کی مگر ہمیں کامیابی نہ مل سکی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے منشیات کے خلاف جو بھی مہم چلائی اسے اہمیت دی، وزیرِ داخلہ نے نوٹس لے کر ان دونوں پولیس اہلکاروں کو معطل کیا، ہماری کمی کوتاہی کو اجاگر کریں، ہم جوابدہ ہیں، پولیس اچھا کام کر رہی ہے۔
کراچی میں اسی ماہ شاہراہِ بھٹو مکمل طور پر کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا ہے کہ شاہراہِ بھٹو موٹر وے ایم نائن کو ڈائریکٹ کنیکٹ کرے گی، شاہراہِ بھٹو سے ٹریفک کے مسائل حل ہوں گے، عوام کو سہولت ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں برجز، انڈر پاسز اور سڑکوں کی تعمیر کا کام چل رہا ہے، حکومت کی کوشش ہے کہ شہر کے میگا پروجیکٹس پر کام مکمل کیا جائے، شہر کے پروجیکٹس میں چیلنجز ہوتے ہیں۔
صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ کراچی پورٹ سے ایک روڈ بنایا جارہا ہے جو قیوم آباد تک آئے گا، بڑے پروجیکٹس پر لوگوں کو تکلیف ضرور ہے، اس پر معذرت خواہ ہوں، ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے کی وجہ سے مسائل کا سامنا رہا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ چینی کمپنیاں کراچی میں ڈی سیلینیشن پلانٹ لگانے جا رہی ہیں، ڈی سیلینیشن پلانٹ سے کراچی میں پانی کی کمی کا مسئلہ حل ہو جائے گا، یہ پلانٹ مہنگا ہو گا ہے مگر اسے لا رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ جانوروں میں بیماریوں کے علاج سے متعلق بھی معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں، چین کے دورے میں صدر آصف زرداری کو بہت بڑی کامیابی ملی ہے، پینے کے صاف پانی، زراعت اور لائیو اسٹاک سے متعلق منصوبوں پر ایم او یو سائن کیے۔