اسپین کے علاقے ایلیکینٹ کے ساحل پر تعمیراتی کام کے دوران تقریباً 2 ہزار سال پرانا رومن دور کا سنگِ مرمر کا مجسمہ دریافت ہوا ہے۔
برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسپین کے مشہور ساحل المدرابا سے تعمیراتی کام کے سلسلے میں کی جانے والی کھدائی کے دوران ایک قدیم مجسمہ دریافت ہوا ہے جسے ابتدائی طور پر پتھر کا ایک عام ٹکڑا سمجھا گیا۔
بعد ازاں ماہرینِ آثارِ قدیمہ نے اس بات کی تصدیق کی کہ یہ رومن دور کا مجسمہ ہے، جسے دوسری صدی عیسوی کے دوران محفوظ کیا گیا تھا۔
ماہرینِ آثارِ قدیمہ نے بتایا ہے کہ سنگِ مرمر کے اس مجسمےکی صرف ناک کا ایک چھوٹا سا حصہ خراب ہوا ہے، جبکہ باقی مجمسہ آج بھی صحیح حالت میں ہے۔
ماہرینِ آثارِ قدیمہ نے مزید بتایا ہے کہ یہ دریافت حالیہ برسوں کے دوران ایلیکینٹ سے ہونے والی سب سے اہم دریافتوں میں سے ایک ہے اور یہ دریافت خطے کی قدیم تاریخ پر روشنی ڈالنے کے لیے معاون و مددگار ہے۔
ماہرینِ آثارِ قدیمہ کے ابتدائی جائزوں کے مطابق سفید سنگِ مرمر کا یہ مجسمہ ممکنہ طور پر رومن دیوی وینس کی نمائندگی کرتا ہے۔