لندن میں امریکی سفارت خانے نے برطانیہ میں مقیم اپنے شہریوں کے لیے سیکیورٹی الرٹ جاری کرتے ہوئے محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
یہ انتباہ برطانوی حکومت کی جانب سے دہشت گردی کے خطرے کی سطح کو ’شدید‘ تک بڑھانے کے بعد جاری کیا گیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق امریکی سفارت خانے نے برطانیہ میں اپنے شہریوں کو عوامی مقامات پر ہوشیار رہنے، اسکولوں، عبادت گاہوں، سیاحتی مقامات اور ٹرانسپورٹ مراکز سے دور رہنے کا مشورہ دیا ہے۔
اس کے علاوہ سفر کے اوقات اور راستوں میں تبدیلی رکھنے اور کم نمایاں رہنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق برطانیہ کے خفیہ ادارے نے بتایا ہے کہ خطرے کی سطح ’سبسٹینشل‘ سے بڑھا کر ’شدید‘ کر دی گئی ہے جس کا مطلب ہے کہ آئندہ 6 مہینوں میں حملے کا امکان بہت زیادہ ہے۔
ادارے کے مطابق ملک میں دہشت گردی کے خطرات میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے جس میں شدت پسند مذہبی اور انتہائی دائیں بازو کے عناصر شامل ہیں۔
حالیہ دنوں میں خاص طور پر یہودی اور اسرائیلی افراد اور اداروں کو نشانہ بنانے کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق یہ فیصلہ لندن کے علاقے میں 2 یہودی افراد پر حملے سمیت دیگر واقعات کے بعد کیا گیا ہے، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ خطرے میں اضافہ صرف انہی واقعات تک محدود نہیں۔
واضح رہے کہ امریکی سفارت خانے کی جانب سے حالیہ ہفتوں میں یہ دوسرا سیکیورٹی انتباہ ہے جس میں شہریوں کو بڑھتے ہوئے خطرات کے پیشِ نظر محتاط رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔