شمالی لندن کے علاقے گولڈرز گرین میں ایک یادگاری دیوار کو آتشزدگی کے ذریعے نقصان پہنچانے کی کوشش کے الزام میں 2 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
میٹرو پولیٹن پولیس کے مطابق 46 سالہ مرد اور 38 سالہ خاتون کو انسدادِ دہشت گردی پولیسنگ کی تحقیقات کے تحت شاملِ تفتیش کیا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا ہے کہ گرفتار ملزمان کو لندن کے ایک مقامی پولیس اسٹیشن میں زیرِ حراست رکھا گیا ہے۔
اس حوالے سے کاؤنٹر ٹیررازم پولیسنگ کے (سی ڈی آر) ہیلن فلاناگن نے کہا ہے کہ دارالحکومت میں کمیونیٹیز اور ان کے مفادات کے تحفظ کے لیے پولیس پُرعزم ہے۔
گولڈرز گرین میں موجود اس دیوار کو جنوری میں مظاہروں کےخلاف کریک ڈاؤن کے دوران ایرانی حکومت کے ہاتھوں مارے گئے مظاہرین کی تصاویر دکھانے کے لیے ایک مخصوص جگہ کے طور پر استعمال کیا گیا ہے۔
دوسری طرف گولڈرز گرین میں ہیٹزولا ایمبولینسز پر حملے کے بعد سے شمال مغربی لندن میں پیش آنے والے واقعات کی تحقیقات کے دوران اب تک 30 افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے، جن میں سے 9 پر فردِ جرم بھی عائد کی گئی ہے۔
انسدادِ دہشت گردی کے افسران میٹرو پولیٹن پولیس کے ساتھ مل کر تحقیقات کو آگے بڑھا رہے ہیں۔