چینی وزارتِ خارجہ نے ایران جنگ کے معاملے پر زور دیا ہے کہ جلد از جلد جامع اور دیرپا جنگ بندی ہونی چاہیے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق چینی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ مسئلے کا جلد حل امریکا، ایران اور خطے کے دیگر ممالک سب کے مفاد میں ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کی بیجنگ میں ملاقات میں کئی معاملات پر نئے اتفاقِ رائے طے پائے ہیں۔
چینی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ دونوں عالمی رہنماؤں نے ایک دوسرے کے تحفظات کو مناسب انداز میں حل کرنے اور بین الاقوامی و علاقائی امور پر رابطے اور تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے جبکہ ملاقات سے باہمی اعتماد اور تفہیم میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ میں نے چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ ایران کے معاملے پر گفتگو کی اور ہم دونوں اس بات پر متفق ہیں کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہونے چاہئیں اور آبنائے ہرمز کھلی رہنی چاہیے۔
امریکی صدر نے بیجنگ کے ژونگ نان ہائی کمپلیکس میں چینی ہم منصب سے ملاقات کے بعد کہا کہ ہم نے بہت سے ایسے مسائل حل کیے ہیں جنہیں شاید دوسرے لوگ حل نہیں کر سکتے تھے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ میں اور چینی صدر دونوں اس بات پر یکساں سوچ رکھتے ہیں کہ ایران کے معاملے کا اختتام کیسے ہونا چاہیے۔
امریکی صدر کا یہ بھی کہنا ہے کہ چین کے ساتھ شاندار تجارتی معاہدے بھی ہوئے ہیں۔