اداکار رونیت رائے سائبر فراڈ کا شکار ہونے والے تازہ ترین سیلیبریٹی بن گئے، وہ اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ ان کے مداح فراڈیوں سے ہوشیار رہیں۔
اداکار نے سوشل میڈیا کا رخ کیا تاکہ ہر کسی کو ایک ایسے دھوکے باز کے بارے میں خبردار کر سکیں جو مبینہ طور پر آن لائن لوگوں، بالخصوص خواتین کو نشانہ بنانے اور ان سے پیسے مانگنے کے لیے ان کی شناخت کا استعمال کر رہا ہے۔
اس دھوکہ دہی کو بے نقاب کرتے ہوئے رونیت نے لکھا کہ یہ بات میرے علم میں آئی ہے کہ کوئی میرا نام استعمال کر کے لوگوں، خاص طور پر لڑکیوں سے رابطہ کر رہا ہے اور پیسے مانگ رہا ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ یہ شخص میرے نام پر بکنگز (ملاقات یا کام کے لیے وقت) لینے کی کوشش کر رہا ہے۔ سب لوگ محتاط رہیں۔ جہاں تک اس جرم کے مرتکب کا تعلق ہے، پولیس تمہارے لیے آ رہی ہے۔
اداکار یہیں نہیں رکے۔ انہوں نے مزید وضاحت کی کہ وہ پیسے یا کسی بھی قسم کے فائدے کے لیے سوشل میڈیا پر کبھی بھی کسی سے ذاتی طور پر رابطہ نہیں کریں گے۔
اپنے دعوے کی تصدیق کے لیے، رونیت نے ان گفتگو کے اسکرین شاٹس بھی شیئر کیے جن میں ملزم مبینہ طور پر ان کا روپ دھار کر پیسوں کا مطالبہ کر رہا تھا۔
انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو بیوقوف بنانے اور ان کا فائدہ اٹھانے کے لیے سیلیبریٹیز کی شناخت استعمال کرنے والے افراد سے بہت ہوشیار رہیں۔ اگر آپ کے سامنے ایسے واقعات آئیں تو انہیں متعلقہ سیلیبریٹی کے علم میں لانا ہمیشہ ایک اچھا خیال ہوتا ہے۔ میں اور نہ ہی میرا کوئی نمائندہ کبھی بھی پیسے یا اس طرح کے کسی فائدے کے لیے آپ سے رابطہ کرے گا۔
رونیت کی اس پوسٹ نے سوشل میڈیا پر تیزی سے لوگوں کی توجہ حاصل کر لی، اور مداحوں نے اس مسئلے کو کھل کر اٹھانے اور آن لائن گھپلوں کے بارے میں بیداری پھیلانے پر ان کی تعریف کی۔