بالی ووڈ اکارہ و سیاست دان کنگنا رناوت اور فلم ساز امتیاز علی اپنی آنے والی نئی فلموں کی ریلیز کے معاملے پر آمنے سامنے آگئے۔
بالی ووڈ فلم انڈسٹری کے مقبول ترین فلم سازوں میں سے ایک، امتیاز علی اپنی نئی فلم ’’میں واپس آؤں گا‘‘ کی ریلیز کے لیے تیار ہیں۔ اس فلم میں شرواری، ویدانگ رائنا، دلجیت دوسانجھ اور نصیر الدین شاہ مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔
حال ہی میں ریلیز ہونے والے ٹریلر نے فلم کے بارے میں شائقین کے تجسس اور جوش کو مزید بڑھا دیا ہے اور وہ فلم کی جذباتی گہرائی، شاندار منظر کشی اور دلچسپ کہانی کی تعریف کر رہے ہیں۔
یہ فلم 12 جون کو ریلیز ہونے جا رہی ہے، اور اسی سلسلے میں امتیاز علی نے حال ہی میں کنگنا رناوت کی فلم ’بھارت بھاگیہ ودھاتا‘ اور منوج باجپائی کی ’گورنر: دی سائلنٹ سیویئر کے ساتھ اپنی فلم کے ٹکراؤ پر کھل کر بات کی ہے۔
شروع میں جب ’میں واپس آؤں گا‘ کا اعلان کیا گیا تھا، تو یہ 12 جون کو ریلیز ہونے والی واحد فلم تھی۔ تاہم، بعد میں اسی تاریخ پر کئی دوسرے پروجیکٹس کی ریلیز کا بھی اعلان کر دیا گیا۔
حال ہی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران جب امتیاز علی سے ان تین دیگر فلموں کے ساتھ ٹکراؤ کے بارے میں پوچھا گیا، تو انہوں نے کہا کہ یہ چیزیں ہمارے اختیار میں نہیں ہوتیں۔ ہم نے ریلیز کی تاریخ کا اعلان سب سے پہلے کیا تھا۔
فلمساز نے مزید کہا کہ عام طور پر فلم انڈسٹری میں یہ بھائی چارہ ہوتا ہے جیسے میری فلم آ رہی ہے تو تو مت آ، اگلی بار آ جانا اور اس قسم کی باتیں عام طور پر کام کر جاتی ہیں۔ یہ پہلی بار ہے کہ میں سن رہا ہوں کہ اسی دن دوسری فلمیں بھی ریلیز ہو رہی ہیں۔ لیکن، اگر ایسا ہونے جا رہا ہے، تو پھر ایسا ہی سہی۔
انہوں نے کہا کہ سال میں صرف 52 ہفتے ہوتے ہیں، اور ہر سال 52 سے کہیں زیادہ فلمیں ریلیز ہوتی ہیں۔ اس لیے ایسا ہونا لازمی ہے۔
دوسری طرف، حال ہی میں فلم کی پوری ٹیم کو ممبئی میں ٹریلر لانچ کی تقریب میں شرکت کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ مشہور گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ، جو اس تقریب کا حصہ نہیں بن سکے تھے، انہوں نے ایک خصوصی ویڈیو پیغام بھیجا جس میں انہوں نے تقریب میں نہ آنے کی وجہ بتائی اور کہا کہ میں اس وقت ٹیکساس (امریکا) میں ہوں، اس لیے نہیں آ سکا۔ آج رات کا میرا شو ‘سولڈ آؤٹ’ہو چکا ہے۔