امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہلٹن ہوٹل میں تقریب کے دوران فائرنگ کرنے والے شخص کی ویڈیو جاری کر دی۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حملہ آور تیزی سے سیکیورٹی کے حصار کو توڑتا ہوا ہوٹل میں داخل ہو جاتا ہے۔
سیکیورٹی پر مامور اہل کاروں کو ویڈیو میں فوری طور پر کارروائی کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
حکام کے مطابق حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس کی حراست میں تصویر بھی جاری کی گئی ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق مشتبہ حملہ آور کی شناخت کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ شخص کے طور پر کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ ہفتے کی رات کو واشنگٹن میں صدر ٹرمپ کی موجودگی میں پریس ڈنر کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، امریکی صدر اور دیگر محفوظ رہے جبکہ حملہ آور پکڑا گیا۔
فائرنگ کے واقعے کے بعد امریکی صدر ٹرمپ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ مشتبہ شخص کے پاس بہت سے ہتھیار تھے، سیکریٹ سروس نے فوری اور بہادری سے کارروائی کی، مشتبہ شخص نے سکیورٹی چیک پوائنٹ پر حملہ کیا۔
ٹرمپ نے کہا کہ یہ انتہائی حیرت انگیز لمحہ تھا، ٹرے گرنے کی زوردار آوازیں سنیں، میں دیکھنے کی کوشش کر رہا تھا کہ کیا ہوا، میلانیا نےفوراً کہا بری آواز ہے۔