اٹلی کی وزیرِاعظم جارجیا میلونی نے اپنی جعلی تصاویر کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کی مذمت کی ہے اور اسے خطرناک رجحان قرار دیا ہے۔
منگل کو جاری کیے گئے بیان میں جارجیا میلونی نے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت سے بنائی گئی تصاویر کو حقیقت بنا کر پیش کیا جا رہا ہے جو لوگوں کو گمراہ کرنے اور ساکھ کو نقصان پہنچانے کا سبب بن رہی ہیں۔
میلونی نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ تصاویر بنانے والے نے بظاہر میری شکل بہتر بنا دی تاہم انہوں نے زور دیا کہ جھوٹ پھیلانے کے لیے ایسے ہتھکنڈے استعمال کرنا تشویش ناک ہے۔
جارجیا میلونی نے مزید کہا کہ یہ مسئلہ صرف مجھ تک محدود نہیں بلکہ ہر فرد اس کا نشانہ بن سکتا ہے، بہت سے لوگ ایسے حملوں کا دفاع نہیں کر سکتے۔
وزیرِاعظم جارجیا میلونی نے عوام کو ہدایت کی کہ کسی بھی معلومات پر یقین کرنے سے پہلے اس کی تصدیق کریں اور شیئر کرنے سے پہلے سوچیں کیونکہ آج یہ میرے ساتھ ہوا ہے اور کل کسی اور کے ساتھ بھی ہو سکتا ہے۔