بھارت میں شوہر نے نو بیاہتا بیوی کو مبینہ طور پر جہیز کے تنازع پر گلا گھونٹ کر قتل کر دیا اور لاش بیڈ کے اسٹوریج بکس میں چھپادی، ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
39 سالہ ملزم مشرقی بھارتی ریاست بہار کے ضلع ویشالی کا رہائشی ہے، جسے کولکتہ سے گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق قتل کے بعد وہ مبینہ طور پر مغربی بنگال فرار ہو گیا تھا۔
28 سالہ خاتون کی گلی سڑی لاش 8 مئی کی رات وسطی دہلی میں ایک کرائے کے مکان سے برآمد ہوئی تھی۔
پولیس نے بتایا کہ مکان مالک کی جانب سے کال موصول ہوئی، جس میں اس نے کرایہ دار کے کمرے سے بدبو آنے اور کئی دنوں سے وہاں رہنے والوں کے نظر نہ آنے کی اطلاع دی۔ پولیس ٹیم موقع پر پہنچی تو کمرے میں بیڈ کے باکس کے اندر ایک خاتون کی لاش نہایت خراب حالت میں ملی۔
تحقیقات کے دوران پولیس کو معلوم ہوا کہ خاتون کی شادی 26 اپریل کو ہوئی تھی اور دونوں حال ہی میں اس کرائے کے مکان میں رہائش پذیر ہوئے تھے۔
پولیس افسر کے مطابق خاتون کے والد نے تحصیلدار کے سامنے داماد اور اس کے چھوٹے بھائی پر جہیز کے لیے ہراسانی کے الزامات عائد کیے۔
تحقیقاتی حکام کو معلوم ہوا کہ واردات کے بعد ملزام فرار ہو گیا تھا اور گرفتاری سے بچنے کے لیے مسلسل اپنی جگہ تبدیل کر رہا تھا، تاہم اسے کولکتا سے گرفتار کرلیا۔
تفتیش کے دوران ملزم نے مبینہ طور پر اعتراف کیا کہ اس نے جہیز اور پیسے کے تنازعات پر جھگڑوں کے بعد اپنی بیوی کو قتل کیا۔
اس نے بتایا کہ 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب دونوں کے درمیان شدید تلخ کلامی ہوئی، جس کے دوران اس نے اپنے ہاتھوں سے اس کا گلا دبا دیا، جس سے اس کی موت واقع ہو گئی۔