بھارت کے ملیالم اداکار سنتوش نائر سڑک حادثے میں چل بسے، حادثے میں ان کی اہلیہ سبھاشری شدید زخمی ہو گئیں۔
پولیس کے مطابق حادثہ آج صبح اس وقت پیش آیا، جب ان کی گاڑی دوران سفر ایک لاری سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں وہ اور ان کی اہلیہ زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق اداکار کو شدید چوٹیں آئیں جب ان کا سینہ گاڑی کے اسٹیئرنگ وہیل سے ٹکرایا، ان کی اہلیہ کی پسلیوں میں فریکچر ہوا۔ بعد ازاں اسپتال میں دوران علاج اداکار کو مردہ قرار دے دیا گیا، جبکہ ان کی اہلیہ زیرِ علاج ہیں۔
انکے پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹی راجشری ایس نائر ہیں۔ یہ واضح نہیں ہو سکا کہ وہ حادثے کے وقت گاڑی میں موجود تھی یا نہیں۔
سنتوش نے 1982 فلمی کیریئر کا آغاز کیا۔ اپنے طویل کیریئر میں انہوں نے 100 سے زائد فلموں میں کام کیا اور ولن، ہیرو اور معاون کرداروں سمیت مختلف نوعیت کے کردار ادا کر کے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
انہوں نے پرتھوی راج سوکومرن اور موہن لال جیسے اسٹار اداکاروں کے ساتھ بھی کام کیا۔