بھارت کے اسٹار بلے باز ویرات کوہلی اور آسٹریلوی کرکٹر ٹریوس ہیڈ کے ہاتھ نہ ملانے کے تنازع پر بھارتی سوشل میڈیا صارفین نے گھٹیا حرکت کرتے ہوئے ٹریوس ہیڈ کی فیملی کو نشانہ بنا ڈالا۔
بھارتی سوشل میڈیا صارفین نے ناصرف ٹریوس ہیڈ بلکہ ان کی فیملی پر ذاتی حملے کرنا شروع کر دیے جبکہ بھارتی ٹرولرز متکبرانہ رویہ اپنانے والے ویرات کوہلی کے خلاف کچھ نہ بولے۔
سوشل میڈیا ٹرولرز کی جانب سے ٹریوس ہیڈ کی فیملی کے خلاف انتہائی نازیبا زبان استعمال کی گئی۔
ٹریوس ہیڈ کی اہلیہ جیسیکا کا کہنا ہے کہ ہم ٹھیک ہیں مگر یہ لوگ میری فیملی اور دوستوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، ایسا لگتا ہے کہ یہ بدسلوکی دوبارہ ہو رہی ہے جیسے 2023ء کے ورلڈ کپ کے بعد ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ سن رائزرز حیدر آباد اور رائل چیلنجرز بنگلورو کے درمیان میچ میں ویرات کوہلی اور ٹریوس ہیڈ کے درمیان گرما گرمی ہو گئی تھی۔
میچ میں آر سی بی کی شکست کے بعد کوہلی نے ٹریوس ہیڈ سے ہاتھ ملانے سے انکار کیا تھا، کوہلی کے ہاتھ ملانے سے انکار کے بعد سوشل میڈیا پر خاصی بحث جاری ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 2023ء میں بھی بھارتی صارفین ٹریوس ہیڈ کی اہلیہ اور ان کی بیٹی کو ریپ اور اغواء کی دھمکیاں دے چکے ہیں۔