پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے ’’معرکۂ حق پاکستان‘‘ یومِ فتح کی تقریبات کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ اس ضمن میں ڈیلس میں دو تقاریب منعقد ہوں گی، پہلی تقریب معروف صنعتکار حفیظ خان کی جانب سے 4 مئی کو ڈیلس میں جبکہ دوسری تقریب رائزنگ پاکستان کی جانب سے 10 مئی کو منعقد کی جائے گی۔
یہ دونوں تقاریب ایک باوقار اور حب الوطنی سے بھرپور ہوں گی، پہلی تقریب 4 مئی 2026 کو منعقد کی جارہی ہے، جس میں داخلہ بائی انوٹیشن رکھا گیا ہے اس میں امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کمیونٹی کے نمائندے اور رہنما شرکت کریں گے۔
یہ تقریب نہ صرف پاکستان کی کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے منعقد کی جا رہی ہے بلکہ قومی یکجہتی اور فخر کے جذبات کو بھی اجاگر کرے گی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی گورنر سندھ سید نہال ہاشمی اور مہمان اعزازی چیئرمین اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن سید قمر رضا ہوں گے جبکہ عبدالحفیظ خان اس تقریب کے خصوصی میزبان ہوں گے ۔
تقریب کا انعقاد ڈیلس کاؤنٹی میں واقع ریچڈسن ڈبل ٹری ہوٹل میں شام 6 بجے رکھا گیا ہے۔
منتظمین کے مطابق یہ تقریب پاکستانی قوم کی ایک تاریخی کامیابی کی یاد میں منعقد کی جا رہی ہے، جس میں اس دن کو یاد کیا جائے گا، جب ان کی افواج نے پاکستانیوں کا سر پوری دنیا میں فخر سے سر بلند کیا اور دشمن کو دندان شکن جواب دیا اور اپنی طاقت اور عزم کا بھرپور طریقہ اظہار کیا۔
تقریب کے منتظمین کا کہنا ہے کہ یہ ایونٹ نہ صرف اورسیز کمیونٹی رہنماؤں کے ساتھ ایک جشن ہوگا بلکہ نئی نسل کو اپنی تاریخ، قربانیوں اور قومی جذبے سے جوڑنے کا ذریعہ بھی بنے گا۔
اس ضمن میں ڈیلس کمیونٹی کے معززین کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے تاکہ مل کر اس تاریخی فتح کو یادگار بنایا جاسکے، شرکاء سے شرکت کی تصدیق کے لیے ہوسٹ کمیٹی کے رہنماؤں غزالہ حبیب، راجہ زاہد اختر خانزادہ اور افتخار درپن سے رابطہ کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
تقریب کے اختتام پر’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے نعروں کے ساتھ قومی یکجہتی اور فخر کے جذبے کو مزید تقویت دی جائے گی، جبکہ یہ تقریب امریکا میں مقیم پاکستانیوں کے لیے اپنی شناخت اور وابستگی کے اظہار کا ایک اہم موقع بھی ثابت ہوگی۔