برطانیہ کے علاقے وولورہیمپٹن میں گھر میں آگ لگنے سے 2 کمسن بچے جان کی بازی ہار گئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ اہلکاروں کو جمعے کی رات تقریباً ساڑھے 8 بجے میسن اسٹریٹ پر واقع گھر میں آگ لگنے کی اطلاع ملی، جس پر ویسٹ مڈلینڈز فائر سروس اور ویسٹ مڈلینڈز ایمبولینس سروس کے عملے کے ساتھ فوری کارروائی کی گئی۔
فائر فائٹرز نے گھر میں داخل ہو کر 2 بچوں کو باہر نکالا، تاہم انہیں موقع پر ہی مردہ قرار دے دیا گیا۔
پولیس کے مطابق مزید 2 بچے اور 1 خاتون ایمرجنسی سروسز کے پہنچنے سے قبل ہی گھر سے باہر نکل آئے تھے۔
ایمبولینس کے عملے نے ان کا طبی معائنہ کیا، تاہم انہیں اسپتال منتقل کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
پولیس نے متاثرہ گھر کو گھیرے میں لے لیا ہے، جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔