پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) الیون کے کراچی اور لاہور میں ہونیوالے تینوں پلے آف میچز میں تماشائیوں کو اسٹیدیم آنے کی اجازت مل گئی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے تینوں پلے آف میچز میں تماشائیوں کی اجازت دے دی۔
محسن نقوی نے کہا کہ کراچی اور لاہور میں ہونے والے میچز میں تماشائیوں کے بیٹھنے کی اجازت ہوگی، وزیر اعظم نے ہدایت دی ہے کہ تماشائی اسٹیڈیم آنے کیلئے پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کریں۔
وزیر اعظم نے پلے آف میں شریک تمام ٹیموں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
اس سے پہلے وزیر اعظم شہباز شریف سے وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی، جس میں سیکیورٹی صورتحال اور پی ایس ایل میچز میں شائقین کی شرکت کے معاملے پر بھی گفتگو کی گئی۔
خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) الیون میں راؤنڈ میچز کے اختتام پر حتمی 4 ٹیموں کا فیصلہ ہوگیا۔
پشاور زلمی، اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز سمیت حیدرآباد کنگزمین ٹیبل پر ٹاپ فور میں شامل ہوئیں، ایونٹ میں پلے آف کا سلسلہ منگل سے شروع ہوگا۔
ایونٹ کا کوالیفائر میچ کل ٹاپ ٹیم پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا، جبکہ ایلمینیٹر ون میں حیدر آباد کنگز مین کا مقابلہ ملتان سلطانز سے بدھ کو ہوگا۔
پی ایس ایل کے تمام میچز جیوسوپر اور ڈیجیٹل ایپ مائیکو براہ راست نشر کر رہے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت شروع ہو گئی، جبکہ کرکٹ کے چاہنے والے فزیکل ٹکٹس کل سے خرید سکیں گے۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں تین مئی کو ہونے والے فائنل کا سب سے سستا ٹکٹ 1500 روپے میں دستیاب ہے، جبکہ مہنگا ترین ٹکٹ 12 ہزار روپے کا ہے۔