برطانیہ کے علاقے سلاو میں کمیونٹی کی سہولت کے لیے کونسلر ندیم خاور اور کونسلر اعجاز احمد کے تعاون سے پاکستان ہائی کمیشن لندن کے زیرِ اہتمام نادرا اوورسیز کارڈ اور پاور آف اٹارنی کی تصدیق کے لیے خصوصی سرجری کا انعقاد کیا گیا۔
اس کا مقصد بالخصوص ان افراد کو سہولت فراہم کرنا تھا جو مختلف وجوہات کی بنا پر لندن کا سفر نہیں کر سکتے جن میں بزرگ شہری، معذور افراد بچے اور فیملیز شامل ہیں۔ کمیونٹی کو سہولت فراہم کی گئی کہ وہ اپنے گھروں کے قریب ہی ویک اینڈ کے دوران نادرا اوورسیز کارڈ اور دیگر اہم دستاویزات کے لیے اپلائی کر سکیں۔
پاکستان ہائی کمیشن لندن کے فرسٹ سیکریٹری اور انچارج نادرا و پاسپورٹ جواد احمد چھٹہ، خصوصی طور پر انتظامات کا جائزہ لینے اور مقامی کمیونٹی سے ملاقات کے لیے سلاو پہنچے۔
انہوں نے نہ صرف انتظامات کا معائنہ کیا بلکہ کافی وقت کمیونٹی کے افراد کے ساتھ گزارا، ان کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے اپنی جانب سے بھرپور یقین دہانی کروائی۔
کیمونٹی سے گفتگو کے دوران جواد احمد چھٹہ نے پاکستان ہائی کمیشن کی جانب سے فراہم کی جانے والی مختلف سہولیات، نئے اقدامات اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں بھی تفصیلی آگاہی دی۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات ان کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے ایسے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ کمیونٹی کی نمایاں شخصیات، سماجی رہنماؤں اور شرکاء نے اس موقع پر جواد احمد چھٹہ کی کاوشوں کو بھرپور سراہا۔
انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات نہ صرف کمیونٹی کے مسائل کو حل کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں بلکہ پاکستان ہائی کمیشن اور بیرونِ ملک پاکستانیوں کے درمیان تعلق کو بھی مضبوط بناتے ہیں۔