سندھ ہائی کورٹ نے سندھ پبلک سروس کمیشن (ایس پی ایس سی) کے کمبائنڈ کمپیٹیٹو ایگزامینیشن (سی سی ای) 2024 سے متعلق ریکارڈ سیل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
سندھ ہائی کورٹ میں سندھ پبلک سروس کمیشن کے کمبائنڈ کمپیٹیٹو ایگزامینیشن کیخلاف دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے حکم دیا کہ کمبائنڈ کمپیٹیٹو ایگزامینیشن 2024 سے متعلق ریکارڈ سیل کیا جائے، نتائج کے حوالے سے سنگین خدشات ظاہر کیے گئے ہیں۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر اس حوالے سے تمام شواہد بھی پیش کرنے کا حکم دیا اور ریمارکس دیے کہ سندھ پبلک سروس کمیشن کی نتائج سے متعلق 6 مئی کی پریس ریلیز پر عمل درآمد روکا جائے۔
عدالت نے کہا کہ آئندہ سماعت تک 6 مئی کی پریس ریلیز کے تحت مزید کوئی کارروائی نہیں کی جائے۔
عدالت نے سیکریٹری سندھ پبلک سروس کمیشن اور کنٹرولر امتحانات کو طلب کرلیا۔
عدالت نے پرنسپل سیکریٹری وزیراعلیٰ سندھ، چیئرمین سندھ پبلک سروس کمیشن، ایڈووکیٹ جنرل سندھ و دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے 21 مئی تک جواب بھی طلب کرلیا۔
وکیل درخواست گزار نے کہا کہ درخواست گزاروں نے سندھ پبلک سروس کمیشن کے کمبائنڈ کمپیٹیٹو ایگزامینیشن 2024 میں شرکت کی تھی، امتحان کے تحریری حصے کا نتیجہ مورخہ 6 مئی کی پریس ریلیز کے ذریعے جاری کیا گیا ہے۔
وکیل کے مطابق درخواست گزاروں نے اسکریننگ ٹیسٹ اور تحریری امتحان میں اچھی کارکردگی دکھائی تھی، ایس پی ایس سی نے اپنے من پسند امیدواروں کو کامیاب قرار دیا ہے۔