کیوبا کے وزیرِ خارجہ برونو روڈریگز نے امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو پر شدید تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ وہ جھوٹے بیانات کے ذریعے فوجی جارحیت کو ہوا دے رہے ہیں۔
کیوبا کے وزیرِ خارجہ کے مطابق مارکو روبیو ایک بار پھر کیوبا پر دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والی ریاست ہونے کا بے بنیاد الزام لگا رہے ہیں تاکہ خطے میں کشیدگی کو بڑھایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ مارکو روبیو مسلسل جھوٹ بول کر فوجی تصادم کی راہ ہموار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جس کے نتائج کیوبا اور امریکا دونوں کے لیے خونریزی کی صورت میں نکل سکتے ہیں۔
کیوبا کے وزیرِ خارجہ نے واضح کیا کہ کیوبا سے امریکی سلامتی کو کسی قسم کا خطرہ لاحق نہیں، تاہم واشنگٹن دانستہ طور پر کیوبا میں معاشی بحران اور سماجی بے چینی کو بڑھا رہا ہے۔
انہوں نے امریکا پر الزام لگایا کہ پابندیوں اور دباؤ کے ذریعے کیوبا کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جبکہ حقیقت میں کیوبا خطے میں امن اور استحکام چاہتا ہے۔