امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تصدیق کی ہے کہ وہ اپنے بڑے بیٹے ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر کی شادی میں شرکت نہیں کریں گے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اہم سرکاری معاملات کے باعث مجھے واشنگٹن میں ہی رہنا پڑے گا، میں بیٹے کی شادی میں شرکت کرنا چاہتا تھا تاہم ملکی امور اور امریکا سے محبت کے باعث میرے لیے وائٹ ہاؤس میں موجود رہنا ضروری ہے۔
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر اس ہفتے بہاماس کے ایک چھوٹے جزیرے پر پام بیچ کی سماجی شخصیت بیٹینا اینڈرسن سے شادی کر رہے ہیں، تقریب کو نجی اور محدود رکھا گیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے ایک روز قبل صحافیوں سے گفتگو میں کہا تھا کہ میرے بیٹے کی خواہش تھی کہ میں شادی میں شریک ہوں لیکن ایران سمیت دیگر اہم معاملات کی وجہ سے وقت مناسب نہیں۔
رپورٹس کے مطابق امریکی انتظامیہ اس وقت ایران سے متعلق سفارتی کوششوں میں مصروف ہے جس کے باعث صدر نے اپنی نیو جرسی روانگی بھی منسوخ کر دی اور وائٹ ہاؤس واپس جانے کا فیصلہ کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر کی دوسری شادی ہو گی۔
اس سے قبل وہ وینیسا ٹرمپ کے ساتھ 12 سال تک شادی کے رشتے میں رہے جن سے ان کے 5 بچے ہیں۔
بعد ازاں ان کی منگنی کمبرلی گلفائل سے ہوئی تھی تاہم دونوں 2024ء میں الگ ہو گئے تھے۔
ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر ٹرمپ آرگنائزیشن میں ایگزیکٹیو نائب صدر ہیں اور اپنے والد کے ’میگا‘ سیاسی ایجنڈے کے سرگرم حامی سمجھے جاتے ہیں، وہ اکثر اپنے والد کے ہمراہ مختلف سیاسی اور عوامی تقریبات میں بھی نظر آتے ہیں۔
گزشتہ سال ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر نے کہا تھا کہ میں ’کسی دن‘ صدارتی انتخاب میں حصہ لے سکتا ہوں جبکہ ان کے والد ڈونلڈ ٹرمپ کی دوسری اور آخری صدارتی مدت جنوری 2029ء تک جاری رہے گی۔