لاہور پولیس نے منشیات فروش ملزمہ انمول عرف پنکی اور اس کے سابق شوہر ناصر سے متعلق تحقیقات میں اہم انکشافات کر دیے۔
پولیس کے مطابق انمول عرف پنکی کا سابق شوہر ناصر بھائیوں سمیت اس کاروبار میں ملوث تھا، ناصر اپنے 2 بھائیوں کے ہمراہ لاہور آیا تھا، جہاں تینوں نے ابتداء میں گیسٹ ہاؤسز اور شراب کے کاروبار سے کام شروع کیا، بعد ازاں ناصر نے اپنے بھائیوں، ایک دوست اور بہنوئی کے ساتھ مل کر کوکین کا کاروبار شروع کیا۔
تحقیقاتی حکام کا کہنا ہے کہ ناصر نے ہی پنکی کو کوکین بنانے کا ماہر بنایا، جس کے بعد دونوں میاں بیوی لاہور، کراچی اور ملک کے دیگر شہروں میں کوکین سپلائی کرتے رہے۔
پولیس کے مطابق بعد میں ناصر اپنے بھائیوں سمیت یہ کاروبار کراچی منتقل کر گیا، جہاں نیٹ ورک کو مزید وسعت دی گئی، ملزمہ پنکی نے 2021ء میں رانا اکرم کے کہنے پر ناصر سے طلاق لی۔