بھارتی اداکارہ سری لیلا کی والدہ ڈاکٹر سوارنالتا نے اپنی بیٹی اور کرکٹر تلک ورما کے درمیان تعلقات کی خبروں کو مکمل طور پر بے بنیاد قرار دے دیا۔
ڈاکٹر سوارنالتا نے کہا کہ ان افواہوں میں ذرہ برابر بھی سچائی نہیں اور یہ محض لوگوں کے تخیلات کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سری لیلا اس وقت اپنی فلموں اور جون میں ہونے والے نیٹ پی جی امتحان کی تیاری پر مکمل توجہ دے رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اداکارہ اس وقت اپنی تعلیم اور کیریئر کو متوازن انداز میں آگے بڑھا رہی ہیں جبکہ ذاتی معاملات کے لیے ابھی ان کے پاس کافی وقت موجود ہے۔
اس سے قبل سری لیلا کی ٹیم نے بھی وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ اداکارہ اور تلک ورما نہ کبھی ملے ہیں اور نہ ہی ان کے درمیان کوئی رابطہ ہوا ہے۔ ٹیم کے مطابق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تمام قیاس آرائیاں من گھڑت ہیں۔
خیال رہے کہ یہ افواہیں اس وقت زور پکڑ گئیں جب ایک وائرل ویڈیو میں سوریا کمار یادیو اپنے ساتھی کھلاڑی تلک ورما سے مذاق کرتے ہوئے کہتے سنائی دیے کہ تلک ورما محبت میں مبتلا ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین نے اس جملے کو سری لیلا سے جوڑ کر قیاس آرائیاں شروع کر دیں۔
رپورٹس کے مطابق مداحوں نے سوشل میڈیا سرگرمیوں، آئی پی ایل میچ میں موجودگی اور دیگر غیر مصدقہ دعووں کی بنیاد پر دونوں کے تعلقات کی خبریں پھیلائیں، تاہم اداکارہ کی والدہ اور ٹیم نے ان تمام دعوؤں کو مسترد کر دیا ہے۔