صدر مملکت اسلامی جمہوریہ پاکستان کی جانب سے سفیر پاکستان سید حیدر شاہ نے پاکستان ہاؤس میں منعقدہ تقریب تقسیم اعزازات میں نیدر لینڈز کی کلینگن ڈال اکیڈمی کے بانی ڈائریکٹر رونلڈ ٹون کو پاکستان کا سول ایوارڈ ’’ستارہ امتیاز‘‘ دیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان سید حیدر شاہ نے رونلڈ ٹون کو پاکستان اور نیدر لینڈز کے تعلقات کے فروغ میں ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں اس باوقار اعزاز کے حصول پر مبارکباد پیش کی۔
ان کی گراں قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے سفیر شاہ نے کہا کہ رونلڈ ٹون پاکستان کے ایک عظیم دوست ہیں، جو گزشتہ دو دہائیوں کے دوران سفارتی استعداد کار میں دوطرفہ تعاون کے فروغ میں ہمیشہ پیش پیش رہے۔
’’ستارۂ امتیاز‘‘ عطا کرنے پر رونلڈ ٹون نے اپنے خطاب میں صدرِ پاکستان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ پاکستانی نوجوان سفارت کاروں کے ساتھ سفارتی تربیتی روابط کے ضمن میں، انہوں نے موجودہ سفارتی تربیت سازی پروگرام کو پاکستان اور نیدرلینڈز کے تاریخی تعلقات کی ایک کامیاب مثال قرار دیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی نیدر لینڈز کی وزارتِ خارجہ کے سیکریٹری جنرل کرسچیئن ریبرگن نے رونالڈ ٹون کو باوقار سول ایوارڈ ’’ستارۂ امتیاز‘‘ نوازنے پر حکومتِ پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیدر لینڈز پاکستان کے ساتھ اپنے تاریخی اور دیرینہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
اس تقریب میں سفارتی کور کے ڈین، سینئر سفارتکاروں، اعلیٰ حکام اور پاکستان اور نیدرلینڈز کے ابلاغ عامہ کے نمائندوں نے شرکت کی۔