وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ علاقائی کشیدگی ہمارے لیے اہم سبق ہے، توانائی کے متبادل ذرائع کی جانب فوری منتقلی ناگزیر ہے، اپنی ضروریات کے لیے خود انحصاری وقت کی اہم ضرورت ہے۔
محمد اورنگزیب نے کیپیٹل مارکیٹ ڈیولپمنٹ فنڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری قیادت خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے متحرک ہے، علاقائی کشیدگی کے پیشِ نظر محتاط حکمتِ عملی اختیار کرنا ہو گی، حکومت کی توجہ کرنٹ اکاؤنٹ اور مالی خسارے پر مرکوز ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ معاشی اشاریوں میں مسلسل بہتری آ رہی ہے، مشکل حالات کے باوجود معیشت درست سمت میں گامزن ہے، معاشی ترقی کے لیے کیپیٹل مارکیٹ کا کردار نہایت اہم ہے، چیلنجز کے باوجود پاکستان اسٹاک مارکیٹ مستحکم رہی۔
وزیرِ خزانہ نے کہا کہ کمرشل فیصلے آزادانہ اور قومی مفاد میں کرنے ہوں گے، ملکی وسائل سے سرمایہ اکٹھا کرنے پر مکمل توجہ ہے، خود انحصاری ہی معاشی استحکام کا اصل راستہ ہے، ملکی ترقی کے لیے مقامی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہو گا، سرمایہ کاروں کو اپنے ملک میں سرمایہ لگانے کی ترغیب دینا ہو گی۔
اُنہوں نے کہا کہ قومی معیشت کے استحکام کے لیے داخلی وسائل پر انحصار ضروری ہے، این ایف سی میں مشاورت سے آگے بڑھ رہے ہیں، معیشت کی بہتری کے لیے کتابی باتیں نہیں عملی اقدامات کر رہے ہیں، مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے دوران گزشتہ 2 ماہ میں مسلسل محنت کی ہے۔
محمد اورنگزیب نے بتایا کہ گزشتہ 2 ماہ میں زرِمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم رکھنے کے لیے بھرپور کوشش کی، تیل کی سپلائی کو رواں رکھنے کے لیے فنڈز کی دستیابی کو یقینی بنایا۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ گزشتہ 2 ماہ میں متبادل توانائی کے حصول کی اہمیت پہلے سے زیادہ اجاگر ہوئی۔