وزیراعظم شہباز شریف اور قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان بن جاسم آل ثانی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جہاں دو طرفہ تعاون اور مشرقِ وسطیٰ کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دوران بات چیت پاکستان کی قیادت میں جاری امن کوششوں پر خصوصی توجہ مرکوز رہی۔
بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے پاکستان کے امن اقدام کی حمایت پر قطر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان تنازع کے پُرامن حل کےلیے مذاکرات اور سفارت کاری سے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھے گا۔
وزیراعظم آفس کے اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے جنگ بندی برقرار رکھنے اور مزید کشیدگی سے گریز کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
بات چیت کے دوران خطے میں امن و استحکام کی بحالی کےلیے بین الاقوامی کوششوں کے تسلسل کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کے امیر کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔
خیال رہے کہ یہ مسلسل دوسرا روز ہے جب وزیراعظم شہباز شریف اور قطری وزیراعظم کے درمیان ٹیلی فونک روابطہ ہوا ہے۔