وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کراچی کو حق دینے کے لیے پہلا قدم رکھ دیا گیا ہے، جلد وزیراعظم بھی دانش اسکول کا افتتاح کرنے آئیں گے، نظریہ پاکستان آپ کو اورنگی کی گلیوں میں آج بھی زندہ ملے گا۔
خالد مقبول صدیقی نے دانش اسکول پروجیکٹ اورنگی ٹاؤن کا دورہ کرنے کے دوران کہا کہ اورنگی ٹاؤن میں تعلیم کا سب سے زیادہ شوق اور ضرورت موجود ہے۔
وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ اس علاقے کے لوگوں نے پاکستان کےلیے 2 بار ہجرت کی ہے، نظریہ پاکستان آپ کو اورنگی کی گلیوں میں آج بھی زندہ ملے گا۔
اس موقع پر رکن قومی اسمبلی امین الحق کا کہنا تھا کہ آج اورنگی ٹاؤن کے لوگوں کا دیرینہ خواب پایہ تکمیل تک پہنچ رہا ہے، 3 ارب کی لاگت سے بننے والے اس اسکول میں انٹرمیڈیٹ تک تعلیم دی جائے گی۔
خالد مقبول نے وزیر اعظم پاکستان، وفاقی کابینہ اور میئر کراچی کا شکریہ بھی ادا کیا۔