راولپنڈی میں رواں سال کے پہلے 4 ماہ کے دوران جرائم کی شرح میں 86 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
سی پی او خالد ہمدانی کے مطابق مختلف جرائم کے مقدمات میں گزشتہ سال کے مقابلے میں خاطر خواہ کمی دیکھنے میں آئی، قتل کے مقدمات میں 75 فیصد جبکہ دیگر جرائم کے مقدمات میں 32 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، ڈکیتی کے واقعات میں گزشتہ برس کی نسبت 70 فیصد کمی آئی، جبکہ اسٹریٹ کرائم کے مقدمات میں بھی 35 فیصد کمی دیکھی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ موٹر سائیکل چھیننے کے واقعات میں 70 فیصد اور گاڑیاں چھیننے کے کیسز میں 40 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، اسی طرح اغواء برائے تاوان کے مقدمات میں 50 فیصد، جبکہ گاڑیوں اور موٹرسائیکل چوری کے واقعات میں 55 فیصد کمی آئی۔
سی پی او کے مطابق نقب زنی کے مقدمات میں بھی 46 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، گزشتہ 4 ماہ کے دوران پولیس نے 125 گینگز کے 277 ملزمان کو گرفتار کیا، جن کے قبضے سے 24 گاڑیاں، 264 موٹرسائیکلیں اور 8 رکشے برآمد کیے گئے۔
راولپنڈی پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے کروڑوں روپے مالیت کے زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء بھی برآمد کی گئیں۔
سی پی او خالد ہمدانی نے مزید بتایا کہ رواں سال 21 پولیس مقابلوں کے دوران 14 خطرناک اور مطلوب ڈاکو ہلاک کیے گئے۔