پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ صنم سعید نے ڈرامے میں 4 بچوں کی ماں کا کردار ادا کرنے کی وجہ بتا دی۔
صنم سعید نے حال ہی میں ایک یوٹیوب چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے مشہور ڈرامہ سیریل ’کفیل‘ میں ماں کا کردار ادا کرنے کے بارے میں بات کی۔
اُنہوں نے بتایا کہ جب مجھے اس ڈرامے کی پیشکش ہوئی تو میں اپنے آپ سے پوچھ رہی تھی کہ کیا یہ پیشکش قبول کرنا میرے کیریئر کے لیے کا اچھا اقدام ہے کیونکہ میں بہت عرصے بعد مرکزی کردار ادا کر رہی تھی۔
اداکارہ نے کہا کہ لیکن یہ کردار ادا کرتے ہوئے میں گھبرا اس لیے رہی تھی کیونکہ مجھے یہ محسوس ہوا کہ یہ ڈرامہ کرنے کے بعد مجھے ماؤں کے ہی کرداروں کی پیشکش ہونے لگے گی، میں اب کسی 25 سالہ لڑکی کا کردار ادا کرنے کے لیے نہیں کہہ رہی ہوں اور میں خود بھی اب ایسے ہی کردار ادا کرنا چاہتی ہوں جو میری عمر کی خواتین کے لیے ہوں، لیکن ہماری شوبز انڈسٹری کا رجحان تھوڑا مختلف ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ مگر پھر میں نے سوچا کہ میں اپنا کنٹرول کسی اور کے ہاتھ میں کیوں دے رہی ہوں، میرے کیریئر کا انحصار میرے اپنے فیصلوں پر ہے تو میں جو بھی چاہوں وہ کر سکتی ہوں۔
صنم سعید نے بتایا کہ میں نے جب خود کو ذہنی طور پر ماں کا کردار ادا کرنے کے لیے تیار کر لیا تو پھر عمیرہ احمد کو کال کی اور کردار کے بارے میں تمام تفصیلات پوچھیں۔
اُنہوں نے بتایا کہ ڈرامہ سیریل ’کفیل‘ کی کہانی ہی کچھ اس طرح کی ہے کہ اگر سارا ڈرامہ ایک نوجوان لڑکی کے بارے میں ہوتا تو شاید لوگ اسے اتنا پسند نہیں کرتے اور شاید میں خود بھی اس ڈرامے میں کام کرنے کے لیے تیار نہ ہوتی لیکن کہانی میں عمر کے دو مختلف حصّے دکھائے گئے اس لیے مجھے لگا کہ کہانی ٹھیک ہے۔
اداکارہ نے یہ بھی بتایا کہ عمیرہ احمد نے مجھ سے یہ سوال بھی کیا کہ کیا آپ اپنے شوبز کیریئر کے دوران کوئی میراث چھوڑنا چاہتی ہیں یا پھر صرف اسکرین پر خوبصورت نظر آنا چاہتی ہیں؟ ان کے اس سوال نے تو میرا نقطۂ نظر مکمل طور پر بدل دیا اور میں نے اسکرپٹ کے پیچھے نظر آنے والے وژن پر بھروسہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔