مشرقِ وسطیٰ میں جاری بحران کے اثرات برطانیہ تک پہنچنا شروع ہو گئے جہاں ملک بھر میں فارمیسیوں سے اہم ادویات غائب ہونے لگیں۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر صورتِ حال برقرار رہی تو آنے والے دنوں میں ادویات کی قلت سنگین شکل اختیار کر سکتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق بلڈ پریشر، مرگی اور کینسر کے علاج میں استعمال ہونے والی ادویات کی دستیابی متاثر ہو رہی ہے جس سے مریضوں کو فالج، ہارٹ اٹیک اور دوروں جیسے خطرات لاحق ہیں، ادویات کی کمی کے باعث مریض ذہنی دباؤ کا بھی شکار ہو رہے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر سپلائی چین میں خلل اس بحران کی بڑی وجہ ہے، فضائی اور سمندری مال برداری کے اخراجات میں اضافے سے ادویات کی قیمتیں بھی بڑھ رہی ہیں۔
ادھر نیشنل ہیلتھ سروس (این ایچ ایس) کے مقررہ نرخوں کے باعث فارمیسیوں کو ادویات کی فراہمی میں مشکلات پیش آ رہی ہیں کیونکہ مارکیٹ میں قیمتیں بڑھ چکی ہیں جبکہ ادویات کی دستیابی بھی محدود ہو گئی ہے۔
فارماسسٹ نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو صورتِ حال مزید خراب ہو سکتی ہے اور مریضوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ سکتی ہیں۔