بالی ووڈ کی سابق اداکارہ اور اب مصنفہ ٹوئنکل کھنہ کا کہنا ہے کہ ان کے شوہر اور معروف اداکار اکشے کمار کا ان کے کیریئر میں سب سے بڑا کردار یا حصہ یہ جملہ ہے ‘مت کرنا’۔
اپنے آپ سے بخوبی آگاہ، ذہین اور ہلکے پھلکے طنزیہ انداز رکھنے والی شخصیت کی حامل 53 سالہ ٹوئنکل نے 23 اپریل کو عالمی یوم کتاب کے موقع پر بھارتی خاتون صحافی میدھا شری دھیا سے اپنی زندگی اور کیریئر پر گفتگو کی۔
بصیرت اور مزاح کے درمیان بغیر کسی رکاوٹ کے سفر کرنے والی ٹوئنکل اپنی مشہور تصانیف دی لیجند آف لکشمی پرساد، مسز فنی بونز، پائجاماز آر فار گیونگ اور ویلکم ٹو پیراڈائز سے کافی شہرت حاصل کی۔
انھوں نے کہا کہ ان کے والد آنجہانی راجیش کھنہ نے ان میں زبان سے محبت پیدا کی، اس حوالے سے انھوں نے ایک واقعہ سناتے ہوئے کہا: ایک بار میں نے ان سے کہا کیا آپ مجھے اسکول سے پک کریں گے؟ تو انہوں نے جواب دیا کیا تم کوئی پک اپ ہو؟ میں تمہیں اسکول سے لے کر آؤں گا۔ اسی بات نے میری راہ متعین کردی کہ زبان کیا کچھ کر سکتی ہے۔
ٹوئنکل نے کہا بعض چیزیں کافی لوگوں کو ناگوار گزر سکتا ہے، لیکن میرا کام لوگوں کو ناراض کرنا نہیں بلکہ میں لوگوں کو ان چیزوں پر غور کرنے پر مجبور کروں جو ہمارے سامنے ہوتی ہیں۔ لیکن ہماری اپنی ذہنی تربیت ہمیں ان عوامل کو دیکھنے سے روکتی ہے۔
اس سوال پر کہ آپ اداکارہ تھیں اور اب ایک مصنفہ ہیں، کتابوں نے آپ کو وہ کیا دیا جو سنیما نے نہیں دیا؟ انھوں نے کہا کتابیں ہمیشہ زندگی کا حصہ رہی ہیں، تاہم میری تحریر کا بڑا حصہ ان تجربات سے نکلا ہے جو مجھے ایک اداکارہ کے طور پر حاصل ہوئے، خاص طور پر مردوں اور عورتوں کے درمیان بنیادی عدم مساوات کو دیکھنے سے، جس کا احساس مجھے بعد میں ہوا۔
شوہر اکشے کی جانب سے مشورے دینے کے سوال پر انھوں نے بتایا کہ آج صبح میں اپنے کالم کے موضوعات پر بات کر رہی تھی، تو انہوں نے کہا، مت کرنا۔ اس معاملے میں نہ پڑنا۔ مت کرنا۔ یہ ان کی میرے بطور مصنفہ کیریئر میں سب سے بڑی اور اہم شراکت ہے۔