لندن میں پولیس نے یہودی کمیونٹی پر حملے کی کارروائیوں کی تیاری کے شبہے میں ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔
37 سالہ شخص کو اتوار کے روز ڈیون کے قریب بارنسٹیپل کے علاقے سے گرفتار کیا گیا، اور اس سے لندن کے ایک پولیس اسٹیشن میں پوچھ گچھ کی جارہی ہے، یہ گرفتاری لندن میں یہودی کمیونٹی پر ہونے والے متعدد حملوں کے خلاف جاری کاؤنٹر ٹیررازم پولیسنگ کی تحقیقات کا حصہ ہے۔
میٹرو پولیس کے مطابق 23 مارچ کو گولڈرز گرین میں یہودی کمیونٹی کی ایمبولینسز پر حملے کے بعد سے اب تک مجموعی طور پر 26 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ آتش زنی سے متعلق جرائم میں 8 افراد پر فردِ جرم عائد کی گئی ہے جبکہ ایک شخص کو آتش زنی کا مجرم قرار دیا گیا ہے۔
وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر اس سے قبل ریاستوں کی جانب سے برطانیہ میں جرائم کیلئے استعمال ہونے والے پراکسی گروہوں کے استعمال پر تشویش کا اظہار کر چکے ہیں۔