امریکی اخبار واشنگٹن ٹائمز کا کہنا ہے کہ امریکا اور ایران کی جانب سے تمام محاذوں پر جاری جنگ کو ختم کرنے کے لیے اتوار تک ایک امن معاہدے کو حتمی شکل دینے کا باقاعدہ اعلان متوقع ہے۔
امریکی اخبار نے مذاکرات کے قریبی ذرائع سے بتایا کہ ہفتے کے روز علی الصبح ایک عبوری مسودے پر اتفاق کر لیا گیا تھا، جس کا باضابطہ اعلان آئندہ 24 گھنٹوں کے اندر متوقع ہے۔
امریکی اخبار کے مطابق اگر یہ معاہدہ ہو گیا تو چھ ہفتوں سے جاری جنگ بندی کی حیثیت تبدیل ہو جائے گی۔
اخبار کے مطابق توقع ہے کہ امریکا اور ایران تمام محاذوں پر جنگ بندی کے لیے مفاہمت پر اتوار کو اتفاق کر لیں گے، اس سلسلے میں ڈرافٹ تجاویز پر امریکا اور ایران کا ہفتے کے روز ہی اتفاق ہو چکا ہے۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ثالث کار امریکا اور ایران میں معاہدے کو حتمی شکل دینے کےلیے قریب پہنچ گئے ہیں۔
سی بی ایس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے امریکی صدر نے معاہدے سے متعلق تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مختصر مگر انتہائی اہم سرکاری دورۂ ایران کے دوران ایرانی اعلیٰ قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تفصیلی مذاکرات میں حتمی مفاہمت کی جانب حوصلہ افزا پیش رفت سامنے آئی۔
ملاقاتوں میں خطے میں کشیدگی میں کمی اور امن کے قیام کیلئے جاری ثالثی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔ یہ ملاقاتیں جاری سفارتی و ثالثی کوششوں کا حصہ تھیں۔
دورہ ایران میں فیلڈ مارشل نے صدر مسعود پزشکیان، ایرانی پارلیمںٹ کے اسپیکر باقر قالیباف اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے بھی ملاقات کی۔