کراچی کی ماڈل کریمنل کورٹ جنوبی نے ٹک ٹاکر مسکان سمیت 4 افراد کے قتل کے مقدمے میں ملزم عبدالرحمٰن عرف شوٹر اور سویرا کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کر دیا۔
دوران سماعت پراسیکیوشن کا کہنا تھا کہ فروری 2021ء میں گارڈن کے علاقے میں گاڑی پر فائرنگ کر کے ٹک ٹاکر مسکان، صدام، ریحان اور عامر کو قتل کیا گیا تھا۔
وکیلِ صفائی عابد زمان ایڈووکیٹ نے کہا کہ ملزمان کو مقدمے میں نامزد نہیں کیا گیا تھا، مرکزی گواہ ملزمان کو شناخت کرنے میں ناکام رہا۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ مرکزی گواہ کا تاخیر سے سامنے آنا اور ملزمان کو شناخت نہ کرنے سے مقدمے کو نقصان پہنچا، ملزم سے اسلحہ برآمدگی بھی مشکوک حالات میں ہوئی۔
عدالت نے کہا کہ فوجداری قوانین کے مطابق شک کا فائدہ ملزم کو دیا جاتا ہے۔