برطانیہ کے مشہور ریئلٹی شو ’میریڈ ایٹ فرسٹ سائٹ‘ پر سنگین الزامات اور جنسی زیادتی کے انکشافات نے برطانیہ میں ہلچل مچا دی۔
اس شو میں اجنبی افراد پہلی ملاقات میں ہی شادی کرتے ہیں، اُن سے ازدواجی تعلقات کی توقع کی جاتی ہے اور اگر ایسا نہ ہو تو نام نہاد ماہرین کا پینل اُن سے کیمرے کے سامنے سوال جواب کرتا ہے۔
بی بی سی کی نئی دستاویزی رپورٹ ’دی ڈارک سائیڈ آف میریڈ ایٹ فرسٹ سائٹ‘ میں 3 سابق خواتین شرکاء نے اپنے شوہروں پر ریپ اور جنسی زیادتی کے الزامات لگائے ہیں۔
ان 3 خواتین میں سے ایک خاتون نے بتایا کہ شو کے دوران ہنی مون مرحلے میں میرے ازدواجی تعلقات جسمانی اور جنسی تشدد میں بدل گئے، شوہر نے دھمکی دی کہ اگر کسی کو کچھ بتایا تو مجھ پر تیزاب سے حملہ کروایا جائے گا۔
خاتون نے یہ بھی بتایا کہ میں نے پروڈکشن کمپنی کو یہ سب بتایا لیکن شو کی ریکارڈنگ جاری رہی اور پروگرام نشر بھی کر دیا گیا۔
بی بی سی کی دستاویزی رپورٹ میں ریئلٹی ٹی وی انڈسٹری کے طریقہ کار پر بھی سوالات اٹھائے گئے ہیں۔