قطری وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ نے ایرانی وزیرِ خارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔
دوحہ سے جاری ہونے والے بیان میں قطری وزارتِ خارجہ نے بتایا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن کی کوششوں پر تبادلۂ خیال کیا۔
قطری وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ شیخ محمد بن عبد الرحمٰن بن جاسم الثانی کی جانب سے ان تمام امن کوششوں کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا گیا جن سے مسائل کے حل کے لیے کسی جامع معاہدے تک پہنچنے میں مدد ملے۔
دوسری جانب ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان اختلافات گہرے اور نمایاں ہیں، چند دوروں، ہفتوں یا مہینوں کی بات چیت کے بعد نہیں کہہ سکتے کہ کسی نتیجے پر پہنچیں گے۔
ترجمان اسماعیل بقائی نے یہ بھی کہا کہ مذاکرات کا محور جنگ کا خاتمہ ہے۔