وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے خبردار کیا ہے کہ بھارت کا جغرافیہ بدل کر اُسے تاریخ کا حصہ بنادیں گے۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کے دوران خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت کو جو پہلے مار پڑی ہے، بھارت ابھی تک اسے سہلا رہا ہے۔ اگر بھارت نے دوبارہ للکارا تو بھارت کا جغرافیہ بدل کر اسے تاریخ کا حصہ بنادیں گے۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ ایران پر امریکا یا اسرائیل کے دوبارہ حملے کا کوئی امکان نہیں ہے کیونکہ دوسرے ممالک جنگ کے حق میں نہیں ہیں۔
خواجہ محمد آصف نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ 28ویں ترمیم پر کابینہ میں ابھی تک کوئی بات نہیں ہوئی ہے۔
گزشتہ روز آئی ایس پی آر نے بھارتی چیف آف آرمی اسٹاف کے حالیہ انٹرویو پر ردعمل دیا تھا، اس گفتگو کو اشتعال انگیز قرار دیا۔
بھارتی آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کو فیصلہ کرنا ہوگا وہ جغرافیہ اور تاریخ کا حصہ بننا چاہتا ہے یا نہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان پہلے ہی عالمی سطح پر ایک اہم ملک ہے، پاکستان ایک تسلیم شدہ ایٹمی طاقت ہے، پاکستان جنوبی ایشیا کے جغرافیے اور تاریخ کا ناقابلِ تردید حصہ ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی آرمی چیف کا اشتعال انگیز بیان ظاہر کرتا ہے بھارتی قیادت پاکستان کے وجود کے تصور کو قبول نہیں کر سکی، نہ ہی بھارتی قیادت 8 دہائیاں گزرنے کے باوجود درست اسباق سیکھ سکی ہے۔