وزیرِ اعظم شہباز شریف نے وائٹ ہاؤس کوریسپونڈنٹس ڈنر میں فائرنگ کے واقعے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ایکس پر جاری کیے گئے ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ وائٹ ہاؤس کوریسپونڈنٹس ایسوسی ایشن ڈنر کے دوران پیش آنے والے فائرنگ کے تشویشناک واقعے پر گہرے صدمے کا اظہار کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا ہے کہ جان کر خوشی ہوئی کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور خاتونِ اوّل میلانیا ٹرمپ خیریت سے ہیں۔
وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ میری دعائیں اور نیک تمنائیں ان کے ساتھ ہیں، اور میں ان کی مسلسل سلامتی اور خیریت کی دعا کرتا ہوں۔
واضح رہے کہ ہفتے کی رات کو واشنگٹن میں صدر ٹرمپ کی موجودگی میں پریس ڈنر کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، امریکی صدر اور دیگر محفوظ رہے جبکہ حملہ آور پکڑا گیا۔
فائرنگ کے واقعے کے بعد امریکی صدر ٹرمپ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ مشتبہ شخص کے پاس بہت سے ہتھیار تھے، سیکریٹ سروس نے فوری اور بہادری سے کارروائی کی، مشتبہ شخص نے سکیورٹی چیک پوائنٹ پر حملہ کیا۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس کوریسپونڈنٹس ڈنر میں فائرنگ کے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ مشتبہ شخص نے 15 گز دور سے حملے کی کوشش کی، خیال ہے ہدف میں ہی تھا، میرے خیال میں شوٹنگ کا ایران جنگ سے تعلق نہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ یہ انتہائی حیرت انگیز لمحہ تھا، ٹرے گرنے کی زوردار آوازیں سنیں، میں دیکھنے کی کوشش کر رہا تھا کہ کیا ہوا، میلانیا نےفوراً کہا بری آواز ہے۔