بالی ووڈ داکار سنجے دت نے گانے کے متنازع بول کیس میں معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ قبائلی برادری سے تعلق رکھنے والی 50 بچیوں کی تعلیم کے اخراجات برداشت کریں۔
سنجے دت گانے ’’سرکے چنر تیری سرکے‘‘ گانے میں مبینہ فحاشی اور نازیبا مواد سے متعلق جاری کیے گئے سمن کی تعمیل کرتے ہوئے آج نیشنل کمیشن برائے خواتین کے رو برو پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران سنجے دت نے مؤقف اختیار کیا کہ انہیں گانے کے بول، ترجمہ اور حتمی پیشکش کے بارے میں پہلے سے کوئی علم یا اختیار حاصل نہیں تھا اور ان کا کردار صرف ایک اداکار کے طور پر معاہدے کے تحت پرفارم کرنے تک محدود تھا۔
انہوں نے کمیشن کے سامنے مخلصانہ معذرت پیش کی اور خواتین کی عزت اور معاشرتی اقدار کے احترام کا اظہار کیا۔
انہوں نے یہ بھی وعدہ کیا کہ وہ آئندہ تعلیمی سال کے لیے مہاراشٹر کے شہر ناگپور میں قبائلی برادری سے تعلق رکھنے والی 50 بچیوں کی تعلیم کے اخراجات برداشت کریں گے، جس کی تکمیل کی رپورٹ تین ماہ کے اندر پیش کی جائے گی۔