بھارتی اداکارہ و سیاست دان کنگنا رناوت نے شادی سے متعلق افواہوں پر لب کشائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرا وعدہ ہے، میں خفیہ شادی نہیں کروں گی۔
کنگنا رناوت کی حالیہ تصویر سے اس وقت سوشل میڈیا پر ہلچل مچ گئی جب وہ سبز چوڑیوں اور گلے میں منگل سوتر (ہندو مذہب میں خاتون کے شادی شدہ ہونے کی علامت سمجھا جانے والا ہار) پہنی نظر آئیں۔
اس روایت پسندانہ انداز نے یہ قیاس آرائیاں شروع کردیں کہ شاید کنگنا رناوت نے خفیہ طور پر شادی کر لی۔ تاہم کنگنا نے انسٹاگرام پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ خفیہ شادی نہیں کریں گی اور یہ صرف ان کے کردار کا حصہ تھا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام کی اسٹوری پر کنگنا رناوت نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ روایتی لباس، منگل سوتر اور چوڑیاں پہنے دکھائی دیں۔
ساتھ میں انہوں نے لکھا کہ ’میں شہر میں روزانہ شوٹنگ کر رہی ہوں، کسی نے کردار کے میک اپ کے ساتھ یہ تصویر لے لی اور اب مجھے بےشمار فون کالز آ رہی ہیں۔ لیکن شادی شدہ عورت کے لُک پر اتنا بڑا ہنگامہ کیوں؟ اداکار ہر طرح کے کردار ادا کرتے ہیں، میں خفیہ شادی نہیں کروں گی، وعدہ ہے۔‘
ایک اور پوسٹ میں کنگنا نے بتایا کہ وہ ہیٹ ویو کے دوران آؤٹ ڈور شوٹنگ کر رہی ہیں۔ انہوں نے لکھا، ’اینکرز اپنے اے سی اسٹوڈیوز سے گرمی کی شکایت کر رہے ہیں، لیکن ہم جیسے لوگ جو آؤٹ ڈور شوٹنگ کر رہے ہیں، لائٹس اور بند جگہوں کے ساتھ، ان کا کیا؟‘
کنگنا کا کہنا تھا کہ زندگی تبھی اچھی لگتی ہے جب وہ چیلنج کرتی ہے، آسان اور پیشگوئی کے قابل ہو تو یہ موت جیسی ہے۔‘
بھارت میڈیا کی رپروٹ کے مطابق کنگنا رناوت اس وقت اپنی آنے والی فلم کوئین 2 کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور ان کا یہ وائرل لک اسی فلم کا حصہ ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ وہ گائیٹی میں شوٹنگ کے بعد جلدی میں ڈینٹسٹ کے پاس گئی تھیں اور لباس بدلنے کا وقت نہیں ملا۔ انہیں اندازہ نہیں تھا کہ باہر پاپارازی موجود ہیں۔