سینئر سیاستدان اور سابق قائم مقام اسپیکر قومی اسمبلی سینیٹر جعفر اقبال نے کہا ہے کہ بطور وزیر صحت پنجاب شوکت خانم میموریل کینسر اسپتال کے قیام میں، میں نے اہم کردار ادا کیا تھا۔ نواز شریف کے حکم پر میں نے شوکت خانم اسپتال کے لیے زمین فراہم کی اور پچاس کروڑ روپے کی مالی معاونت بھی دی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی بانی رہنما، سابق وفاقی پارلیمانی سیکریٹری و صوبائی وزیر سینیٹر چوہدری جعفر اقبال نے برطانیہ میں خصوصی انٹرویو میں ملکی سیاست، جمہوری جدوجہد، فوج، مسلم لیگ (ن)، اپنی خاندانی سیاست اور پاکستان کے اہم سیاسی ادوار کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی۔
چوہدری جعفر اقبال نے اپنی سیاسی جدوجہد کا ذکر کرتے ہوے کہا کہ میرے سیاست میں آنے کا مقصد اقتدار حاصل کرنا نہیں بلکہ عوام کی خدمت کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرے خاندان کو گزشتہ پچاس سالوں سے پاکستان کی سیاسی اور پارلیمانی تاریخ میں منفرد مقام حاصل رہا جس پر اللّٰہ تعالی کا شکر ادا کرتا ہوں۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی چوہدری جعفر اقبال نے انکشاف کیا کہ سابق صدر پرویز مشرف نے انہیں پنجاب کی وزارتِ اعلیٰ کی پیشکش کی تھی، تاہم انہوں نے صاف انکار کر دیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ اقتدار کے لیے اصولوں کا سودا نہیں کر سکتا تھا۔ مجھے کہا گیا کہ اگر میں نواز شریف کا ساتھ چھوڑوں تو مجھے پنجاب کا وزیراعلیٰ بنا دیا جائے گا، میں نے اس آفر کو مکمل مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کسی صورت نواز شریف کے ساتھ بے وفائی نہیں کروں گا، کسی غیر آئینی اقدام کا حصہ نہیں بنوں گا۔
چوہدری جعفر اقبال نے کہا کہ 12 اکتوبر 1999 کے واقعات پاکستان کی سیاسی تاریخ کا ایک نازک موڑ تھے۔ اس وقت وہ قائم مقام اسپیکر قومی اسمبلی تھے اور انہوں نے پرویز مشرف کے اقدام کی کھل کر مخالفت کی۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اُس وقت بھی واضح کہا تھا کہ ملک آئین کے مطابق چلنا چاہیے۔ طاقت کے ذریعے اقتدار لینا ملک و قوم کے مفاد میں نہیں ہوگا۔
سابق قائم مقام اسپیکر قومی نے مزید کہا کہ مشرف دور میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کارکنوں کو حوصلہ دیا، تنظیم کو متحرک رکھا اور نواز شریف کے بیانیے کا دفاع کیا۔
انہوں نے کہا کہ مشرف کے دور میں بھی ان کا گھر مسلم لیک ن کی سیاسی سرگرمیوں کا مرکز رہا، پاکستان کے کئی اہم سیاسی فیصلے ان کے گھر میں ہوئے
چوہدری جعفر اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ان کی وابستگی کو 41 برس مکمل ہو چکے ہیں۔ اس دوران انہیں حکومت اور پارٹی کے کئی اہم عہدوں پر خدمات انجام دینے کا موقع ملا۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے خاندان کے درجنوں افراد مختلف ادوار میں قومی اسمبلی، سینیٹ اور صوبائی اسمبلیوں کے رکن منتخب ہوئے۔ ان کے گھر کے پانچ سے زائد افراد نے اسمبلیوں تک رسائی حاصل کی، جو عوامی اعتماد کا ثبوت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے تینوں ایوانوں؛ قومی اسمبلی، سینیٹ اور صوبائی اسمبلی کا رکن منتخب ہونا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ میرے لیے اللّٰہ تعالیٰ کا فضل اور عوام کی محبت ہے کہ مجھے پاکستان کے تینوں ایوانوں میں نمائندگی کا موقع ملا۔
ملکی دفاع اور قومی سلامتی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی افواج نے ہمیشہ وطن کے دفاع میں تاریخی کردار ادا کیا ہے۔ پاک فوج نے بھارت کو ہر میدان میں شکست دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔
چوہدری جعفر اقبال نے موجودہ حکومت کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنچاب مریم نواز ملک اور پنجاب میں بہترین انداز میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج کی سیاست میں برداشت، رواداری اور نظریاتی وابستگی کم ہوتی جا رہی ہے۔ انہوں نے نوجوان سیاست دانوں کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار عارضی ہوتا ہے جبکہ کردار ہمیشہ زندہ رہتا ہے۔ سیاست کو دولت کمانے کا ذریعہ نہ بنائیں۔ عوام کی خدمت کریں، اصولوں پر قائم رہیں اور ملک کے مفاد کو ذاتی مفاد پر ترجیح دیں۔