سینئر بھارتی اداکار اور کامیڈین کنورجیت پینٹال 1970 کی دہائی سے فلمی صنعت سے وابستہ ہیں، ان کا شمار ایسے فنکاروں میں ہوتا ہے جن کے کام نے کئی دہائیوں تک بھارتی سنیما اور ٹیلی ویژن کو متاثر کیا۔
ستے پہ ستا، دوستانہ اور باورچی جیسی فلموں میں اُن کے یادگار کردار ہوں یا حالیہ مقبول ٹی وی شو انوپما میں اُن کی موجودگی، کنورجیت کی پرفارمنس کو ہمیشہ پسند کیا گیا۔
کنورجیت پینٹال کا کیریئر 50 سال سے زائد عرصے اور 350 سے زیادہ فلموں پر محیط ہے۔ اس کے باوجود اُن کا کہنا ہے کہ وہ اکثر عوامی شہرت کی بڑی سطح سے دور ہی رہے ہیں۔
یہ احساس حال ہی میں اُس وقت دوبارہ سامنے آیا جب اداکار منمیت سنگھ نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے کنورجیت پینٹال سے گفتگو کی۔ ویڈیو میں پینٹال سوشل میڈیا کے دور میں اپنی شناخت پر مزاحیہ انداز میں سوال اٹھایا۔
ویڈیو کے آغاز میں منمیت پوچھتے ہیں: کیا آپ ایک اداکار ہیں؟ جس پر سینئر فنکار جواب دیتے ہیں: "نہیں۔”
منمیت کہتے ہیں کہ ناظرین نے انہیں اداکاری کرتے دیکھا ہے تو پینٹال جواب دیتے ہیں کہ میرے انسٹاگرام پر فالوورز نہیں ہیں، اس لیے میں اداکار نہیں ہوں!
حیران ہو کر منمیت سنگھ پوچھتے ہیں کہ کیا آپ کا مطلب ہے کہ جن کے فالوورز کم ہوں، وہ اداکار نہیں کہلاتے؟، اس پر پینٹال مسکراتے ہوئے فوراً جواب دیتے ہیں کہ "بالکل نہیں!”
ویڈیو کے اختتام پر منمیت کہتے ہیں کہ بہت سارا پیار، تو پینٹال مزاحیہ انداز میں بات کاٹتے ہوئے کہتے ہیں اور بہت سارے فالوورز بھی!
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔