عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ کراچی میں پانی کی کمی نہیں ہے، لیکن فراہمی کی کمی ہے، آپ کراچی کے کسی علاقے میں چلے جائیں وہاں یہی حالت ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ کراچی میں پانی موجود ہے مگر ٹینکر سے ملتا ہے، کراچی میں پانی کا خرچہ کھانے اور اسکول کے خرچے کے برابر ہے، حکومت بتائے کہ کراچی میں کب پانی فراہم کیا جائے گا؟
شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت کو جواب دینا چاہیے یہ یونیورسٹی روڈ کیوں نہیں بنا، یہ سڑک کراچی کی مصروف ترین سڑک ہے، آج سے کئی سال پہلے بھی یہاں ایک منصوبہ بنایا گیا تھا، سڑک پہلے بھی بنی ہے اور آگے بھی بنتی رہے گی، 5 سال پہلے ٹھیکہ ہوا تھا اور ابھی تک سڑک نہیں بن پائی۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں سڑک، ٹرانسپورٹ اور پانی کے نظام میں خرابیاں بڑھی ہیں، کراچی ترقی کرے گا تو پاکستان بھی ترقی کرے گا، کراچی کے معاملات آپ کے سامنے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ اس سڑک پر روانہ لاکھوں لوگ سفر کرتے ہیں، لاکھوں دکانیں بھی ہیں لیکن موجودہ حکومت سڑک نہیں بنا پائی، گرین لائین اور کے 4 کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے رقم دی گئی تھی، 9 سال ہو گئے پیسے خرچ نہیں ہوئے۔