امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر ویسٹ پام بیچ میں پولیس اہلکاروں کا سامنا پارکنگ لاٹ میں گھومتے ہوئے مگر مچھ سے ہو گیا، جس کے بعد صورتِ حال دلچسپ ہو گئی۔
مقامی حکام کے مطابق اس حیران کن واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
ویڈیو میں ایک پولیس اہلکار کو مگر مچھ کے بالکل قریب کھڑے ہو کر نہایت سکون کے ساتھ صورتِ حال کو قابو میں کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
وائرل ویڈیو میں اہلکار پہلے مگر مچھ کے منہ پر ہلکی ضرب لگا کر اسے قابو میں کرنے کی کوشش کرتا ہے اور پھر تیزی سے اس کے جبڑے دونوں ہاتھوں سے پکڑ لیتا ہے۔
کچھ ہی دیر بعد ایک اور اہلکار موقع پر پہنچتا ہے اور مگر مچھ کے منہ کو ٹیپ کی مدد سے باندھ دیا جاتا ہے تاکہ اسے محفوظ طریقے سے منتقل کیا جا سکے اور عوام کو کسی خطرے سے بچایا جا سکے۔
پولیس ڈیپارٹمنٹ نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے مزاحیہ انداز میں لکھا ہے کہ یہ بھی ایک عام دن کی گشت تھی، جب تک کہ ایسا نہ ہو جائے، جس سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ڈیوٹی کی غیر متوقع نوعیت کو اجاگر کیا گیا ہے۔
شہریوں نے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور حوصلے کو سراہا ہے، جبکہ ماہرین نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ ایسے خطرناک جنگلی جانوروں سے خود نمٹنے کے بجائے فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دی جائے۔